افتخار ہارڈ ہٹ بلے باز ہیں،کسی نمبرپربھی بیٹنگ کرسکتے ہیں،بابراعظم

Apr 19, 2023 | 07:37 AM

ایک نیوز: پاکستان نیوزی لینڈٹی 20سیریزکے تیسرے میچ میں افتخاراحمدکوآٹھویں نمبرپربیٹنگ کرانے پر کپتان بابراعظم کاکہناتھاکہ افتخار ہارڈ ہٹ بلے باز ہیں کسی بھی نمبرپربیٹنگ کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے 164 رنز کے جواب میں پاکستان 7 وکٹوں پر  88 رنز پر سخت مشکلات کا شکار تھا، لیکن افتخار احمد نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر جارہانہ اندازمیں کھیلا، جوڑی نے آٹھویں وکٹ کیلئے 61 رنز جوڑے،فہیم اشرف 14 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
نیشم کے آخری اوور سے جیتنے کیلئے 15 رنز درکار تھے، افتخار نے آخری تین گیندوں میں ہدف کو پانچ تک کم کرنے کیلئے چھکا اور ایک چوکا لگایا۔
لیکن نیشم نے افتخارکو ڈیرل مچل کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھر ڈاٹ بال کے بعد آخری پلیئر حارث رؤف کو اسی انداز میں آؤٹ کیا۔
میچ کے اختتام پر بابر اعظم کاکہناتھاکہ میرے خیال میں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ہم نے اچھی بیٹنگ نہیں کی۔
افتخار کی بیٹنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر کہاکہ ہارڈ ہٹ بلے باز کسی بھی جگہ پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ٹیم انتظامیہ نے بیٹنگ آرڈر کو لچکدار رکھا ہے۔ افتخار اور فہیم نے جس طرح سے اننگز بنائی، وہ بالکل شاندار تھی۔ ہماری بیٹنگ لائن کافی لمبی ہے، اسی لیے کسی بھی وقت بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہیں، نمبروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
خیال رے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری دو میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کو اس وقت پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

مزیدخبریں