ایک نیوز: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے ۔
بادشاہ چارلس نے وزیرِ اعظم کو اکتوبر میں سموئہ میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں شرکت کی باقائدہ دعوت دی ہے، دعوت کو قبول کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں اجلاس کا انعقاد دولت مشترکہ کی تاریخ کا ایک اہم اجلاس ہوگا کیونکہ شاہ چارلس کی بادشاہت سنھبالنے کے بعد یہ پہلا دولتِ مشترکہ کا اجلاس ہوگا جس کی وہ بذات خود صدارت کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان کے دولت مشترکہ اور اسکے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ سموئہ میں دولتِ مشترکہ کے ممالک کے مابین مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ دے گا۔
شاہ چارلس سوم کی ماحولیاتی امور میں خصوصی دلچسپی اور موسمیاتی پائیداری کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کے قائدین کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے بادشاہ چارلس سوم کی صحت کے بارے دریافت کیا اور عالیہ مرتبت ویلز کی شہزادی کے علاج کی تکمیل پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، عالی مرتبت بادشاہ چارلس سوم کے پاکستان کے گزشتہ دورےکا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ بادشاہ اور عالیہ مرتبت ملکہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔