ایک نیوز(چودھری اشرف) پاکستان کے وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے گزشتہ روزچیمپئنز کپ کے مینٹورز اور ہیڈ کوچز سے ملاقات کی۔
گیری کرسٹن نے مینٹورز اور ہیڈ کوچز کے ساتھ چیمپیئنز کپ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جس میں ملک کے صف اول کے کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں، ہائی پرفارمنس سپیشلسٹ ڈیوڈ ریڈ اور ڈائریکٹر ایچ پی اینڈ چیمپئنز کپ ندیم خان نے بھی سیشن میں شرکت کی۔
گیری کرسٹن نے تعاون، معلومات کے تبادلے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا، گیری کرسٹن نے مینٹورز اور ہیڈ کوچز کے لیے پیغام میں کہا کہ کھلاڑی میچ جیت سکتے ہیں لیکن ٹیمیں سیریز اور ٹائٹل جیتا کرتی ہیں۔
گیری کرسٹن ان دنوں فیصل آباد میں موجود ہیں اور چیمپئنز کپ کے متعدد میچز کا مشاہدہ کرچکے ہیں، جس سے انہیں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کا موقع ملا ہے۔