سندھ میں تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن پرعائد پابندی ختم

Sep 18, 2023 | 23:10 PM

ایک نیوز :محکمہ تعلیم سندھ نے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن پر عائد پابندی ختم کردی۔ صوبائی محکمے کے احکامات کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 

 رفیعہ جاوید کے مطابق اسکولوں کی رجسٹریشن کے لیے معیار مقرر کر دیا گیا ہے۔ 

دریں اثنا نوٹیفکیشن کے مطابق مضافات میں پری پرائمری اور ایلیمنڑی اسکول کیلئے پلاٹ کا کم از کم رقبہ 200 گز لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کراچی کے پوش علاقوں کے لیے پلاٹ کا رقبہ کم از کم 400 گز لازمی ہوگا۔ عمارت میں کم از کم دس کمرے آر سی سی بلڈنگ لازمی ہو۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق مضافات میں سیکنڈری اور او لیول اسکولوں کا کم از کم پلاٹ 400 گز لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ پوش علاقوں میں سیکنڈری اور اولیول اسکول کا رقبہ 600 گز لازمی ہو۔ اسکول کی عمارت میں کم از کم 15 کمرے لازمی ہوں۔ اسکول کے لئے عمارت کا منظور شدہ نقشہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اہم اور ضروری آلات، سائنس و کمپیوٹر لیب کی سہولت، لائبریری میں متعلقہ کتابیں، کینٹین، پینےکا صاف پانی اور صاف واش رومز لازمی ہیں جبکہ اسکول کیلئے سی سی ٹی وی کیمرہ اور باؤنڈری وال جیسی سہولتیں بھی لازمی قرار دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں