ایک نیوز:استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاکہنا ہے کہ آج سپریم کورٹ میں تاریخ رقم ہوئی۔
استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا بیان میں کہنا تھاکہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی براہ راست سماعت پر رد عمل پریکٹس ایند پروسیجر ایکٹ کیس کے فیصلہ سے براہ راست ملکی مفاد وابستہ ہے۔ آج کے دن کا سہرا چیف جسٹس کے سر ہے۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی براہ راست نشریات چیف جسٹس کی بے باکی کا مظہر ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کے مابین توازن ہی جمہوریت کی اصل شکل ہے۔ پارلیمان اور عدلیہ میں جس قدر ہم آہنگی ہو گی نتائج اتنے ہی اچھے ہوں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ بطور طالب علم ہمیشہ قانون سیکھنے اور اس کا احترام کرنے کی کوشش کی ہے۔ پارلیمان کو آزادانہ قانون سازی کرنے اور عملدرآمد کے عمل کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ ہمیں ایک بار پھر ملک کی آئینی و قانونی تقدیر اپنے ہاتھ سے لکھنے کا موقع ملا ہے۔ وسیع تر ملکی مفاد کی خاطر اس موقع کو ہر گز ضائع نہیں ہونے دینا چاہئے۔ مستقبل کے ملکی سیاسی منظر نامہ کا دارومدار اسی کیس کے فیصلے پر ہو گا۔