مزید 1 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے

 مزید 1 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے

ایک نیوز:اگست میں ایک لاکھ مزید پاکستانی بہتر روزگار کی تلاش میں ملک چھوڑ گئے۔
رپورٹ کے مطابق 2023 کے پہلے آٹھ مہینوں میں 5 لاکھ 40 ہزارسے زائد پاکستانی بیرون ملک ملازمتوں کے بہتر مواقع کی تلاش میں ملک چھوڑ کر  جاچکے ہیں ۔ بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 540,282 پاکستانی بیرون ملک ملازمت کے لیے رجسٹرڈ ہوئے۔
جولائی تک ملک چھوڑنے والے پاکستانیوں کی تعداد 450,110 تھی، اگست کے دوران 90 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کی تلاش میں ملک چھوڑ گئے۔ ملک چھوڑنے والوں میں سے 2 لاکھ 32 ہزار 759 مزدور تھے جبکہ 1 لاکھ 18 ہزار 472 ڈرائیور تھے۔ ملک چھوڑنے والوں میں 5 ہزار 589انجینئرز، 5 ہزار216 اکاؤنٹنٹ، 2ہزار 261 ڈاکٹرز اور 1 ہزار 12اساتذہ بھی شامل تھے۔
بیورو کی طرف سے جاری کردہ  اعداد وشمار کے مطابق ملک چھوڑنے والوں میں سے 15,052 انتہائی قابل، 31,130 انتہائی ہنر مند، 197,719 ہنر مند، 57,516 نیم ہنر مند تھے، جب کہ بڑی اکثریت یعنی 238,865 غیر ہنر مند تھے۔مجموعی طور پر 251,655 کارکنان سعودی عرب، 147,960 متحدہ عرب امارات، 39,901 عمان اور 39,479 پاکستانی قطر چلے گئے۔ فہرست میں شامل دیگر قابل ذکر ممالک میں ملائیشیا (17,647)، بحرین (8,518)، رومانیہ (4,175)، یونان (2,623) اور عراق (2,373) شامل ہیں۔
 یادرہے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ ڈیٹا میں وہ  افرادجو تعلیم کے لیے  یا براہ راست امیگریشن کے ذریعے   ملک سے باہر جاتے ہیں وہ شہری اس میں شامل نہیں۔گزشتہ سال 832,339 پاکستانی روزگار کی غرض سے بیرون ملک گئے جو 2016 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔