ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی درخواست میں وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے محمد خان بھٹی کی درخواست پر سماعت کی دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب جمع کرانے کی مہلت مانگی اور کہا کہ دو روز کا وقت دیا جائے تفصیلات جمع کرا دیں گے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ آپ تمام اداروں سے رپورٹ لیکر جمع کرائیں۔
پنجاب حکومت نے محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمات سے متعلق رپورٹ جمع کرادی جس میں بتایا گیا کہ محمد خان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن میں بارہ مقدمات درج ہیں عدالت نے مزید سماعت اکیس ستمبر تک ملتوی کردی۔