ایک نیوز: بالی ووڈ کی اداکارہ زرین خان مشکل میں آگئیں، کولکتہ کی عدالت نے اداکارہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردئیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کولکتہ کی عدالت 2018 کے دھوکہ دہی کیس میں اداکارہ زرین خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ بالی ووڈ اداکارہ پر ایک شو میں پرفارم کرنے کے پیسے لینے کے باوجود پرفارمنس نہ دینے کا الزام ہے۔
کولکتہ کی عدالت نے زرین خان کو مقدمے کے سلسلے میں متعدد بار طلب کیا تاہم وہ پیش نہیں ہوئیں جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔ زرین خان نے گرفتاری کے وارنٹ سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بارے میں کچھ علم نہیں ان کی قانونی ٹیم معاملے کا جائزہ لے گی اور اس کے بعد رد عمل دے گی۔