چینی وزیرخارجہ اور امریکی مشیر قومی سلامتی کے درمیان اہم ملاقات

چینی وزیرخارجہ اور امریکی مشیر قومی سلامتی کے درمیان اہم ملاقات
کیپشن: Important meeting between Chinese Foreign Minister and US National Security Adviser

ایک نیوز: مالٹا میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور امریکی مشیر قومی سلامتی جیک سلیوان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی اور چینی رہنماؤں کے درمیان 16 اور 17 ستمبر کو ہونے والی طویل دورانیے کی نشستوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، سکیورٹی، یوکرین تنازع اور آبنائے تائیوان سمیت دیگر اہم مسائل پر بات چیت کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقاتوں کے دوران رابطوں کے ذرائع کھلے رکھنے پر بھی سیر حاصل بات چیت کی گئی۔

خبر کے مطابق ملاقاتوں کے بعد امریکا اور چین دونوں کی جانب سے دور روزہ ملاقاتوں کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ بیان جاری کیا گیا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون پر بھی ابتدائی پیش رفت ہوئی ہے تاہم چینی اور امریکی حکام نے اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تعلقات بحال رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ خارجہ پالیسی اور جہاز رانی سمیت ایشیا پیسیفک کے معاملات پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔