پنجاب بھر میں اہم شاہراہوں کوڈسٹ فری کرنے کا فیصلہ  

Sep 18, 2023 | 00:17 AM

ایک نیوز:ایل ڈبلیو ایم سی کو لاہور کی سڑکیں ڈسٹ فری کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار ت چین روانگی سے قبل سموگ کے تدارک کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا،اجلاس میں پنجاب بھر میں اہم شاہراہوں کوڈسٹ فری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سموگ سے بچاؤ کے لئے سڑکوں کو واش کیا جائے گا ، ایل ڈبلیو ایم سی کو لاہور کی سڑکیں ڈسٹ فری کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔

اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو غیر معیاری فیول بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ بار باراینٹی سموگ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں کو 2ماہ کے لئے سیل کیا جائے گا۔

چاول اور دیگر فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنے کے لئے کاشتکاروں سے پیشگی بیان حلفی لیا جائے گا، انڈسٹریز کو ماحول دوست بنانے کے لئے ورلڈ بنک کے اشتراک سے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلی محسن نقوی نے سموگ پری وینشن اینڈ کنٹرول رولز 2023 پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ صوبہ بھر میں سموگ کو کم از کم سطح پر لانے کے لئے تمام متعلقہ محکموں سے جامع پلان طلب کرلیا گیا۔

 اجلاس میں ماحولیاتی ماہرین نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں ، پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمدپرنسپل کالج آف ارتھ انوائرمینٹل سائنسز پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ موٹر سائیکل رکشہ ماحولیاتی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ سموگ کے خاتمے کے لئے لانگ ٹرم پالیسی ضروری ہے، بھٹوں کو کوئلے کی بجائے ایگری کلچر ویسٹ پر منتقل کیا جائے۔

مزیدخبریں