ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی لندن میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ ہم کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے اور نہ ہی کسی کا دباؤ قبول نہیں، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
لندن میں ہونے والی اہم ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، سلمان شہباز بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن سے مشاورت کے بارے میں نواز شریف کو آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے نواز شریف سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت تمام توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور معیشت کو بہتر کرنے پر مرکوز ہیں۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
نواز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وزیراعظم شہباز شریف سے اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کئے جائیں جبکہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سیلاب متاثرین کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں، حکومت بحالی کیلئے کوششوں میں تیزی لائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے صاحبزادے سلیمان شہباز کے ہمراہ لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچے جہاں قائد مسلم لیگ ن نوازشریف پہلے سے ہی موجود تھے۔ دو بڑوں کی اس اہم ملاقات میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار ، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر سیاسی شخصیات بھی شریک تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر لندن پہنچے ہیں جہاں وہ ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم 19ستمبر کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت کریں گے، شہباز شریف دورہ برطانیہ کے بعد امریکا روانہ ہوں گے جہاں جنرل اسمبلی سے ان کا خطاب شیڈول ہے۔