ایک نیوز نیوز: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 24 چارسدہ میں تحریک انصاف کے جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ تنبیہ کے باوجود وزیراعلیٰ محمود خان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ عمران خان کو بطور امیدوار، وزیراعلیٰ کے پی، وزیر قانون فضل شکور اور مشیر معدنیات عارف کو نوٹس جاری کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عمران خان اور محمود خان کو منگل 20 ستمبر کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر چارسدہ نے کہا ہے کہ تمام امیدواروں کو یکساں ماحول میسر نہیں آرہا۔ انہوں نے نوٹس میں ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے جواب دینے کی ہدایت کر دی۔