بدترین مہنگائی،پی ڈی ایم نےعوام پر ظلم کی انتہا کر دی: سراج الحق

Sep 18, 2022 | 09:11 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، روپیہ بے وقعت ہو گیا۔ پی ڈی ایم نے ماضی میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کئے، اقتدار میں آ کر عوام پر ظلم کی انتہا کر دی،سودی معیشت اور کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا۔

منصورہ میں سیلابی صورتحال اور بحالی کے اقدامات کے جائزہ کیلئے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے   سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، بیڈگورننس اور تباہ کن معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہو رہے، حکمران سیاسی جماعتیں وڈیروں کے کلب ہیں، عام آدمی کو ان جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں سے بھلائی کی کوئی توقع نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام سے آئے گی، ملک اسلام کے نام پر حاصل ہوا، اسلام ہی اس کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ قوم کو لڑانے اور تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن حکمران جماعتیں حالات کی نزاکت کو جانتے ہوئے بھی خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں، حکمرانوں نے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی آپسی مفادات کے لئے جنگ جاری رکھی۔ حکمران آف شور کمپنیوں اور بیرون ملک بنکوں سے ذاتی اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔

مزیدخبریں