جو فیڈرز چوری سے پاک ہوں گے وہاں لوڈشیڈنگ ختم ، سیکرٹری پاور ڈویژن

Oct 18, 2023 | 23:31 PM

 ایک نیوز :سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے کہا کہ ملک بھر کے جو فیڈرز چوری سے پاک ہوں گے وہاں لوڈشینڈنگ ختم کر دی جائے گی۔

مردان میں تقریب سے خطاب میں سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر 7ستمبر کو بجلی چوری کے خلاف مہم شروع کی گئی جس میں بجلی چوروں سے 26ارب روپے وصول کرچکے ہیں جب کہ 12ماہ میں یہ وصولیاں 300ارب تک پہنچ جائیں گی۔

سیکرٹری پاور نے کہا کہ بل دینگے تو لوڈشیڈنگ نہیں کریں گے، ملک بھر کے جو فیڈرز چوری سے پاک ہوں گے وہاں لوڈشینڈنگ ختم کر دی جائے گی جب کہ مردان میں ثابت کیا کہ چوری روکی جا سکتی ہے، اس لیے مردان کو لوڈشیڈنگ فری کردیا ہے اور مردان شہر کے 17فیڈر لوڈشیڈنگ فری ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مردان ضلعی انظامیہ نے بجلی چوری کی روک تھام میں بہت محنت کی، بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے جس کے بعد مردان پاکستان کا پہلا شہر ہے جو بجلی چوری سے پاک ہو گیا ہے۔

راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ محکمے کے ملازمین کے ملوث ہونے کے بغیر بجلی چوری ناممکن ہے، ہم نے بجلی چوری میں ملوث ملازمین کو بھی گرفتار کیا۔یہ وارننگ ہے کہ نہ کسی بجلی چور کو بخشیں گے اور نہ ہی ان کے سہولت کاروں کو،سیکرٹری پاور نے مزید کہا کہ جن سرکاری محکموں کی طرف بجلی کے بقایاجات ہیں ان کے بجٹ سے کاٹ لیں گے۔

مزیدخبریں