ایک نیوز :یورپین ملک لتھوانیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے 20 ریسٹورینٹس میں بل کی ادائیگی سے بچنے کے لیے دل کا دورہ پڑنے کا ڈرامہ رچایا جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 50 سالہ شخص (جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے جنوبی اسپین کے ساحلی علاقے کوسٹا بلانکا کے کم از کم 20 ریسٹورینٹس میں کھانا کھانے کے بعد ہارٹ اٹیک کا ڈرامہ کیا۔
پولیس نے جب ریسٹورینٹس منیجرز سے اس ڈرامے سے متعلق پوچھا تو سب نے جو بات کہی وہ ایک ہی تھی، مذکورہ شخص کا طریقہ واردات یہ تھا کہ کھانا اور ڈرنکس آرڈر کرکے اسے کھا پی کر یہ اپنے سینے پر ہاتھ رکھ زمین پر گرجاتا اور بے ہوشی کی اداکاری کرتا تھا تاکہ لوگ یہ سمجھیں کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے۔ پھر ہوا کچھ یوں کہ ایک ہوٹل کے مالک کو اس پر شک ہوا جس کے بعد اس نے اس کی اداکاری کی ویڈیو بنائی اور تصاویر دیگر ریسٹورنٹس کو بھجوائیں۔
رواں برس ستمبر میں یہ شخص بحراوقیانوس کے ہسپانوی ساحل پر البیون ریسٹورینٹ گیا اور اس نے وہاں شاندار مچھلی کے ساتھ مہنگے مشروب آرڈر کیے جس کے بعد اسٹاف نے جب اسے 37 ڈالر کا بل دیا تو اس نے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی اور یہی ڈرامہ کیا۔
البتہ ہوٹل کا عملہ پہلے ہی چوکنا تھا جسے ویٹر نے پکڑ لیا، اس شخص سے جواب مانگا گیا تو اس نے کہا کہ اپنے ہوٹل سے رقم لینے جا رہوں تاہم انہوں نے اسے نہ جانے دیا جس پر اس نے پھر ہارٹ اٹیک کا ڈرامہ کیا۔
بعدازاں اس شخص کو پولیس کے حوالے کردیا گیا اور اب اس کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔