ایک نیوز :پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کے لیے فوری ریلیف میں بڑی کامیابی سامنے آئی ہے ، ضلعی انتظامیہ لاہور کے مختلف ایسوسی ایشنز سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، اشیائے ضروریہ قیمتوں میں کمی پر اتفاق کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہور کی ہدایت پر غلہ منڈی، فروٹ و سبزی منڈی، پولٹری ایسوسی ایشنز سے مذاکرات کیے گئے۔ ایسوسی ایشنز سے ملاقات کے بعد قیمتوں کا تعین کرنے والی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ مذاکرات اور پرائس فکسیشن کمیٹی کی سفارشات پر اشیاء ضروریہ کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ چاول کی قیمت میں 25 روپے فی کلوکی کمی کر دی گئی ، دال چنا کی قیمت میں 15 روپے اور دال مسور کی قیمت میں 30 روپے فی کلو کی کمی کی گئی ہے۔
اسی طرح کالا چنا کی قیمت میں 10 روپےاور سفید چنا کی قیمت میں بھی 30 روپے فی کلوکمی کی گئی۔جبکہ بیسن کی قیمت میں 20 روپے فی کلو کمی کر دی گئی ہے۔