21 اکتوبر کو نواز شریف کی آمد کا ممکنہ پروگرام منظرعام پر آگیا

Oct 18, 2023 | 14:20 PM

ایک نیوز: قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی 21 اکتوبر کو پاکستان آمد کا ممکنہ پروگرام منظرعام پر آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے اندرونی ذرائع سے نواز شریف کی آمد اور لاہور جلسے کی جو معلومات حاصل کی گئی ہیں ان کے مطابق نواز شریف کی واپسی کے لیے21 اکتوبر کو یواےای کی ائیر لائن فلائی دبئی کی ایک ائیربس 320 کو ہائیر کیا گیا ہے جس میں لگ بھگ 150 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ 

جہاز میں ان کے ساتھ لندن سے آنیوالے صحافی اور ان کے رفیقان کار شامل ہوں گے۔ فلائیٹ صبح آٹھ بجے اڑان بھرے گی اور اس کی منزل اسلام آباد ہو گی۔ دبئی سے اسلام آباد کا سفر لگ بھگ تین گھنٹے کا ہوگا۔ 

اسلام آباد پہنچ کر نواز شریف اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کریں گے۔ اس کےلیے ممکن ہے انہیں عدالت میں بھی حاضر ہونا پڑے یا ائیرپورٹ پر بھی ان سے حفاظتی مچلکوں پر دستخط کروائے جا سکتے ہیں۔ 

یہ کام مکمل ہونے کے بعد نواز شریف لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔ لاہور میں پارٹی لیڈران ان کا ائیرپورٹ پر استقبال کریں گے۔ نواز شریف کے ساتھ آنے والے لوگ دو بسوں میں مینار پاکستان پہنچیں گے جبکہ نواز شریف ائیرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مینار پاکستان جائیں گے۔

جلسے  کا وقت ساڑھے چھ بجے رکھا گیا ہے نواز شریف کی آمد سے پہلے کئی لیڈران خطاب کریں گے ن لیگ کے نئے پرانے ترانے چلائے جائیں گے مگر نواز شریف کی آمد کے بعد صرف ان کا خطاب ہو گا۔

مزیدخبریں