ایک نیوز: آئی سی سی نے افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کردی۔
تفصیلات کے مطابق دہلی اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور افغانستان کے میچ میں رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا۔ وہ 57 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے تھے۔سنچری سے 20 رنز پہلے آؤٹ ہونے پر وہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور پویلین جاتے ہوئے بلے کو باؤنڈری لائن اور کرسی پر مارتے ہوئے گئے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ رحمان اللہ گرباز نے ایسا کرکے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی جس کا تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے سامان یا کپڑوں، گراؤنڈ آلات کے غلط استعمال سے ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ لیول ون کی خلاف ورزی پر کم سے کم سزا آفیشل سرزنش، میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہوتے ہیں۔افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے جیف کرو کی طرف سے دی گئی منظوری کو قبول کرتے ہوئے گرباز کی غلطی کو تسلیم کرلیا ہے جس سے اوپنر کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ ہوگیا۔
ورلڈ کپ میں افغانستان کا اگلا میچ کل 18 اکتوبر کو چنئی میں نیوزی لینڈ سے ہوگا جس کے بعد 23 اکتوبر کو اسی مقام پر پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔