ایک نیوز: آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے آغاز سے قبل پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی پیشگوئی کرنے والے سابق بھارتی کرکٹر سارو گنگولی نے قومی ٹیم سے متعلق ایک اور پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل چکا ہے جس میں نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی جبکہ بھارت کے خلاف بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔قومی ٹیم 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی، بھارت سے شکست کے بعد سارو گنگولی نے کہا کہ پاکستان کے ورلڈکپ میں مزید آگے جانے کو مشکل قرار دیا ہے۔
انٹرویو میں گنگولی نے کہا 'ہمارے دور میں پاکستان ایک مختلف ٹیم تھی، یہ پاکستان ٹیم اُس ٹیم جیسی نہیں ہے جس سے ہم کھیلا کرتے تھے۔یہ ٹیم بیٹنگ کے دوران دباؤ کو نہیں ہینڈل کرسکتی، اس بیٹنگ لائن کے ساتھ پاکستان کا اس ورلڈکپ میں کم بیک کرنا مشکل ہوگا۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کے آغاز سے قبل گنگولی نے پیشگوئی کی تھی کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جاسکتی ہیں لیکن اس ایونٹ میں نیوزی لینڈ کو نظر انداز نہیں کرسکتے لہٰذا وہ بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔ گنگولی نے چار ٹیموں کا نام لینے کے بعد کہا تھا کہ میں سیمی فائنل کے لیے پانچ ٹیموں کا انتخاب کروں گا اور اس فہرست میں پاکستان کو بھی شامل کروں گا۔
سارو گنگولی نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے تاکہ ایڈن گارڈنز میں بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ہو۔