فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 220 لٹر جعلی ڈرنکس برآمد، مقدمہ درج

Oct 18, 2023 | 08:42 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف ایکشن جاری ہے۔ قصور فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مصطفی آباد روڈ پر واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ مارا جس میں 220 لٹر جعلی ڈرنکس، ممنوعہ کیمیکل، سویٹنر، مضر صحت فلیور تلف کرکے مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق حکام نے 1 ہزار خالی بوتلیں، 65 کریٹ، 4 سلنڈر، 5 نیلے ڈرم، آر او پلانٹ، فلٹریشن پلانٹ ضبط، 5 فلنگ مشینیں، ویٹ مشین، سٹیل ٹب، لیبل اور چولہے بھی تحویل میں لے لیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ کھلے رنگ، کیمیکلز اور ناقص پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں، معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں، کیمیکلز سے تیار محلول پیکنگ کے لیے تیار رکھا پایا گیا، جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

جعلی ڈرنکس کو لاہور میں مختلف چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا، جعلی بوتلوں پر لگی اصل جیسی نقل پیکنگ لگا کر شہریوں کا گمراہ کیا جاتا ہے۔

جعلی ڈرنکس کا استعمال جگر اور گردوں کے انفیکشن میں مبتلا کرسکتا ہے، ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں، پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی کرنے والے مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری ہے۔

دوسری جانب  پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اوکاڑہ میں کاروائیاں جاری ہیں۔مضر صحت اور زائدالمیعاد اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آگیا،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف وَرزی کرنے و زائد المیعاد اشیاء کی برآمدگی پر 6 فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا ،فوڈ اتھارٹی ٹیم نے دوران چیکینگ 24500 روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ مزید براں 37 فوڈ پوائنٹس کو معمولی نقائص پر اصلاحی ہدایات جاری کی گئیں۔ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا۔ایسے عناصر معاشرے میں بدنما داغ ہے یہ فوڈ اتھارٹی ٹیم سے بچ نہیں سکتے۔

مزیدخبریں