ایک نیوز نیوز :قومی ایئر لائن کا ایک اور فضائی ميزبان ٹورنٹو ایئرپورٹ سے پراسرار طور پر غائب ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق اعجاز علی شاہ اسلام آباد سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 میں فلائٹ اسٹیورڈ کے طور پر گیا تھا اور 16 اکتوبر کو پرواز پی کے 782 کے ذریعے واپس اسلام آباد آنا تھا۔پرواز کی روانگی سے قبل اعجاز علی شاہ ٹورنٹو ایئرپورٹ سے غائب ہوگیا۔ پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ٹورنٹو جانے والی پروازوں پر تمام فضائی عملے سے ڈیکلریشن لیا جاتا ہے، فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ اسٹیشن منیجر کے پاس جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے، فضائی میزبان کے ڈیوٹی پر نہ پہنچنے پر کینيڈا کی بارڈر سیکورٹی فورس کو اطلاع کر دی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق فلائٹ اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہيں، انکوائری مکمل ہوتے ہی ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔گزشتہ 2 برسوں کے دوران پی آئی اے کے 7 ملازمين کینیڈا میں سلپ ہوئے،غائب ہونے والوں میں 3 خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں۔