ایک نیوز نیوز : ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا حتمی جائزہ لینے کیلئے 21 اکتوبر کو اجلاس طلب کرلیا، قوی امکان ہے کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق فیٹف کا اجلاس 21 اکتوبر کو سنگاپور میں ٹی راج کمار کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں پاکستان کا نام فیٹف گرے لسٹ سے نکالے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں فیٹف کی منی لانڈرنگ و ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کے حوالے سے بڑھتی ہوئی نگرانی کے تحت دائرہ اختیار میں فیٹف گرے لسٹ کے بارے میں اَپ ڈیٹس کا اعلان کیا جائے گا۔
اجلاس میں شیل کمپنیوں کو غیر قانونی فنڈز کو لانڈر کرنے کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے فائدہ مند ملکیت کی شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے رہنمائی اور عالمی اثاثوں کی وصولی کو بڑھانے کے لیے تجاویز بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں پاکستان کے چار سال کے عرصے کے بعد فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا امکان ہے کیونکہ اس نے 34 نکاتی ایکشن پلان کی کامیابی سے تعمیل کی ہے جس میں سے 27 نکاتی ایکشن پلان دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق تھا اور 7 نکاتی ایکشن پلان کا تعلق منی لانڈرنگ سے تھا۔