الیکشن 2024: میڈیا اور مبصرین کو ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا کیلئے ایس اوپیز جاری

Nov 18, 2023 | 14:39 PM

ایک نیوز : الیکشن کمیشن نے میڈیا، ملکی اور غیر ملکی مبصرین کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے۔

عام انتخابات 2024 کے  لئے مبصرین اور غیر ملکی مبصرین کے ایکریڈیشن کے  ضمن میں  گزشتہ روز الیکشن کمیشن کا  اجلاس ہوا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن، نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر سمیت دیگر اداروں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔اجلاس میں میڈیا، ملکی و غیر ملکی مبصرین کے لیے ایس او پیز کو حتمی شکل دی گئی۔

  اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی وابستگی کے حامل افراد کو ایکریڈیشن کارڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح  ملکی و غیر ملکی مبصرین کے لیے ایکریڈیشن کارڈ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا ۔مبصرین پولنگ ڈے کے بعد بے قاعدگیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کو رپورٹ جمع کروائیں گے۔ 

ملکی اور غیر ملکی مبصرین کے لیے اوپن ڈور پالیسی رکھی گئی ہے۔ ایکریڈیشن کارڈ ہولڈرز پولنگ سٹیشن، رزلٹ کی تیاری اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جا سکیں گے۔

نیشنل میڈیا اور ملکی مبصرین کو مرکزی سیکرٹریٹ ایکریڈیشن کارڈ جاری کرے گا۔

نجی این جی اوز اور صوبوں کے میڈیا مبصرین کو صوبائی الیکشن کمیشن ہیڈ کوارٹرز کارڈ جاری کریں گے۔علاقائی مبصرین اور میڈیا کو ڈی آر اوز ایکریڈیشن کارڈ جاری کریں گے۔

میڈیا، ملکی اور غیر ملکی مبصرین کو ایکریڈیشن کارڈ کے حصول کے لیے بیان حلفی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کو کسی بھی مبصر کا ایکریڈیشن منسوخ کرنے کا اختیار ہو گا۔الیکشن کمیشن نے مبصرین کے لیے حلف نامہ بھی جاری کر دیا۔

 مبصرین کو حلف نامہ جمع کرائے بغیر ایکریڈیشن کارڈ نہیں مل سکے گا۔

مزیدخبریں