ایک نیوز: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں احساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو مقدمہ سے بری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شہبازشریف سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہباز شریف اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو مقدمہ سے بری کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج ملک علی ذولقرنین نےکیس کا فیصلہ سنایا۔
اٹارنی جنرل اور نیب نے عدالت میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ شہباز شریف کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ نیب اور اٹارنی جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں سپریم کورٹ کا فیصلہ اس کیس میں اثر انداز نہیں ہوتا۔
عدالت نےکیس میں دو مرکزی ملزمان ندیم ضیاء اور کامران کیانی کو بری کر چکی ہے۔ جبکہ ایک ملزم خالد حیسن نے بریت کی درخواست دائر نہیں کی۔ آج عدالت نے شہباز شریف سمیت دس ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو منظور کیا۔ عدالت نے اس کیس میں شہباز شریف کو مستقل حاضری سے استثنیٰ دے رکھا تھا۔
دیگر ملزمان میں فواد حسن فواد، احد چیمہ،بسم الله کنسٹریکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر,اسرار سعید اور عارف بٹ ,ندیم ضیاء وغیرہ شامل ہیں جبکہ فواد حسن فواد سمیت دیگر ملزمان کی بھی بریت کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔
نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان پر الزام عائد کیا گیا تھا۔ نیب ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے 61کروڑ روپے جمع کروائے۔ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20جنوری 2015کو معاہدہ کیا۔ کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 64 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔