ایک نیوز: مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑنے والی بھارتی فوج کا ذہنی توازن بگڑنے لگا۔ طرح طرح کے نفسیاتی امراض کا شکار ہونے والے بھارتی فوجی خودکشیاں کرنے لگے۔ بھارتی فوج میں خودکشیوں کے بڑھتے رجحان نے خطرے کہ گھنٹی بجا دی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج میں خودکشی کا بڑھتا رجحان، عالمی میڈیا نے بھی بھارت کو اصل چہرہ دکھا دیا۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں سے تنگ بھارتی فوجی اپنی ہی جانیں لینے لگے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج میں خودکشی کےبڑھتے رجحان پر بھارتی اور بین الاقوامی میڈیا نے اظہار تشویش کیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر بےجا ظلم و ستم کرنے والے بھارتی فوجی آج نفسیاتی امراض کا شکار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جموں و کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم سے ہندوستانی فوجی بھی نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں کی خودکشی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 2007 سے اب تک مقبوضہ وادی میں 586 سے زیادہ بھارتی فوجی خودکشی کر چکے ہیں،16نومبر کو ضلع ادھم پور میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوج کے 38 سالہ نائیک ہریش چندر سنگھ کا تعلق 31 راشٹریا رائفل سے تھا۔
کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ نائیک ہریش چندر سنگھ نے اپنے کیمپ میں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق چند روز قبل یعنی 15 نومبر 2023 کو حیدرآباد میں بھارتی فوجی راجندرا سنگھ نے خود کو گولی مار لی۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کی بدولت بھارتی سیکیورٹی فورسز میں ذہنی تناؤ اور ڈپریشن بڑھ گیا جو بعد میں خودکشی کا سبب بننے لگا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں موجود ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے نصف سے زیادہ ہلکار شدید تناؤ کا شکار ہیں۔
اس صورت حال میں یہ سوال جنم لیتا ہے کہ کیا مودی حکومت کشمیریوں پر ظلم و ستم سے کچھ حاصل کرپائے گی یا اپنے ہی فوجیوں کو نفسیاتی مسائل کی طرف مزید دھکیلے گی؟