نان فائلرز کے بجلی و گیس میٹر منقطع ،موبائل سمز بلاک کرنے کا فیصلہ

Nov 18, 2023 | 00:50 AM

 ایک نیوز :فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نان فائلرز کے بجلی و گیس میٹر منقطع اور موبائل سمز بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس آفسز کے قیام کی منظوری دے دی ہے جو جون 2024 تک 15 سے 20 لاکھ تک نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

وزیراعظم نے حالیہ اجلاسوں کے دوران ٹیکس فائلرز کی موجودہ تعداد میں اضافہ اور ریونیو کی اہمیت پر زور دیا تھا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس افسران کے دفاتر نوٹیفائی کردیئے۔ اس نئے اقدام سے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو مطلوبہ سطح تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ان دفاتر کی سربراہی ڈسٹرکٹ ٹیکس آفیسرز کریں گے جن کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ نان فائلرز اور سٹاپ فائلرز پر انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا انفورس کریں۔ان دفاتر کے قیام سے ایک نئے باب کا آغاز ہوتا ہے جس سے ٹیکس نیٹ کو وسعت ملے گی تاکہ تمام ممکنہ ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے۔

ان نئے دفاتر کی سربراہی BS-17/18 کے ان لینڈ ریونیو کے افسران کریں گے۔ یہ افسران مختلف محکموں اور اداروں سے تھرڈ پارٹی ڈیٹا حاصل اور استعمال کریں گے۔ جو ممکنہ ٹیکس دہندگان کے بھاری اخراجات اور اثاثوں میں سرمایہ کاری کے بارے میں اہم معلومات رکھتے ہیں اور یہ ٹیکس دہندگان ابھی تک ٹیکس ریٹرن کی رجسٹریشن اور فائلنگ سمیت ٹیکس کے نظام سے بچنے اور دور رہنے میں کامیاب رہے ہیں۔

مزیدخبریں