ایک نیوز : تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے والد اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
تفصیلات کےمطابق گوہر ایوب کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں آج انہوں نے آخری سانسیں لیں اور زندگی کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہا۔گوہر ایوب سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کے والد اور سابق فیلڈ مارشل صدر ایوب خان کے صاحبزادے تھے۔گوہر ایوب کی نمازِ جنازہ کل دوپہر ہری پور میں ان کے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی۔
گوہر ایوب خان سابق وزیر خزانہ عمر ایوب خان کے والد اور سابق مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ایوب خان کے بیٹے تھے۔گوہر ایوب خان فیلڈ مارشل ایوب خان کے ہاں 8 جنوری 1937ء میں آبائی علاقے ریحانہ میں پیدا ہوئے تھے، وہ 1990ء سے 1993ء تک مسلم لیگ ن کی حکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی رہے۔
گوہر ایوب خان نے 1959ء میں گریجویشن کے بعد پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا، انہوں نے 1962ء میں کیپٹن کے عہدے پر پاک فوج سے استعفیٰ دیا اور 1974ء میں سیاست میں قدم رکھا، مسلم لیگ ن کی دوسری حکومت 1997ء میں انہیں وزیر خارجہ بنایا گیا تاہم بعد ازاں انہیں پانی اور توانائی کی وزارت دیدی گئی تھی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوہر ایوب خان کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم گوہر ایوب کی سیاسی میدان میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔دوسری جانب نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔نگراں وزیرِ اعظم نے مرحوم کے لیے بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی سابق وزیر خارجہ و اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے والد گوہر ایوب خان کے انتقال پر گہرے دُکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔