آرمی چیف سے متعلق وزیراعظم کی ایڈوائس پرعمل کروں گا: عارف علوی

آرمی چیف سے متعلق وزیراعظم کی ایڈوائس پرعمل کروں گا: عارف علوی

ایک نیوز نیوز: صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق اپنے قریبی دوستوں سے گفتگو کی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق صدر مملکت کا کہنا ہے کہ  میں نے مملکت کے معاملات میں کبھی رخنہ نہیں ڈالا۔  آرمی چیف کے بارے میں وزیراعظم شہبازشریف  کی ایڈوائس آئی تو اس پر عمل کریں گے۔

عارف علوی  نے مزید کہا کہ میرے پاس وزیراعظم کی ایڈوائس روکنے کا قانونی اختیار نہیں۔ 

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مدت پوری ہونے پر 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے مختلف کورز کے الوداعی دورے بھی جاری ہیں۔

گذشتہ روز آرمی چیف نے بہاولپور اور اوکاڑہ کور کا الوداعی دورہ کیا ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔سپہ سالار نے  خیرپور ٹامیوالی میں انٹیگریٹڈ فائر پاور کا مشاہدہ  بھی کیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر طیاروں، کوبرہ گن شپ ہیلی کاپٹروں نے مشقوں کا مظاہرہ کیا۔ جنگی ماحول میں بہاولپور کور کے میکنائزڈ دستوں نے بھرپور حصہ لیا۔ 

 آرمی چیف نے بہاولپور اور اوکاڑہ میں افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا  پاک فوج کے جوان جوش وجذبے کیساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔سپہ سالار  نے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور عزم وحوصلے کو بھی سراہا۔