شہد کا استعمال کن بیماریوں سے بچاتا ہے؟

Nov 18, 2022 | 10:25 AM

ایک نیوز نیوز: شہد کا استعمال اچھی بات ہے کیونکہ اس عادت سے بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

کینیڈا میں ہونے والی طبی تحقیق کے مطابق اگر شہد خام ہو تو وہ زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔

ٹورنٹو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ شہد کھانے سے میٹابولک امراض بشمول بلڈ شوگر اور ذیابیطس اور امراض قلب سے تحفظ مل سکتا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شہد کھانے کی عادت سے خالی پیٹ بلڈ گلوکوز، نقصان دہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول، خون میں چکنائی اور جگر پر چربی چڑھنے کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ صحت کے لیے مفید ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح بڑھتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج کافی حوصلہ افزا ہیں کیونکہ شہد کا 80 فیصد حصہ مٹھاس پر مبنی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہد میں شکر، پروٹین، نامیاتی ایسڈز اور دیگر مرکبات کا ایسا پیچیدہ امتزاج ہوتا ہے جو صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں ثابت ہوا تھا کہ شہد سے میٹابولزم افعال اور دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

محققین کے مطابق نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ شہد کو چینی کی طرح نقصان دہ نہیں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ بہت زیادہ مقدار میں شہد کھانا شروع کردیں، درحقیقت اسے چینی کے متبادل کے طور پر استعمال کریں تو زیادہ بہتر ہے۔

اس تحقیق میں 18 کلینیکل ٹرائلز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔

ان ٹرائلز میں شامل افراد کو اوسطاً 40 گرام یا کھانے کے 2 چمچ شہد کا روزانہ استعمال کرایا گیا تھا۔

محققین کے مطابق اس حوالے سے تحقیق کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور شہد کی ایسی اقسام پر توجہ مرکوز کی جائے گی جن کو پراسیس نہیں کیا جاتا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیوٹریشن ریویوز میں شائع ہوئے۔

مزیدخبریں