ایک نیوز:قائدنوازشریف نےکہاہےکہ مشکل حالات کے باوجود مسلم لیگ ن نے بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا۔
تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ کی پارٹی ورکنگ کمیٹی کےاجلاس سےخطاب کرتےہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کاکہناتھاکہ آپ سب کو یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے،یہاں پر بیٹھاایک ایک چہرہ ن لیگ کا ستون ہے، آج بڑے عرصہ کے بعد ہم سب لوگ اکٹھے ہوئے ہیں،ہم میں سے کوئی جیل میں تھا،کوئی ملک سے باہر تھا ،کوئی صعوبتیں برداشت کررہا تھا، ہمارے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، آپ لوگ مشکلات کی بھٹی سے نکلا ہواسونا ہیں،بلکہ آپ لوگ سونے میں تولنے کے لائق ہیں،مسلم لیگ ن کی قیادت پر جھوٹے مقدمات چلائے گئے ، اللہ کی مہربانی ہے کہ اس نے جھوٹے مقدمات میں ہم سب کو سرخرو کیا۔ مسلم لیگ ن کے بہترین ساتھیوں پر سنگین کیسز بنائے گئے ،مشکل حالات کے باوجود مسلم لیگ ن نے بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا۔
میاں نوازشریف کامزیدکہناتھاکہ ہم نے1990 میں ملکی ترقی کا منصوبہ بنایا تھا، مجھے بتایا جائے آخر کیوں1993 میں ہماری حکومت کا تختہ کیوں الٹایا گیا؟اگر1990 والے ترقیاتی منصوبوں کا مومنٹم جاری رہتا تو ملک ترقی کرچکا ہوتا، میں 1993 میں حکومت کا تختہ الٹنے والوں کا نام نہیں لینا چاہتا،مشکل وقت گزارنے کے بعد آج دوبارہ تمام رہنما مختلف عہدوں پر بیٹھے ہیں۔
سابق وزیراعظم کاکہناتھاکہ میرے دور اقتدار میں ہی موٹرویز بننا شروع ہو گئی تھیں،تنقید کی جاتی تھی نوازشریف موٹرویز کیوں بنارہا ہے، ہم نے صرف معیشت میں نہیں دفاع میں بھی اپنا حصہ ڈالا اور ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، ہم نے5بلین ڈالر کی آفر ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کرکے صحیح فیصلے کئے،ہمیں روکا نہ جاتا تو ملک ٹیک آف کرچکا ہوتا،اس کا نتیجہ کیا نکلا ، جنرل مشرف نےمجھے وزیراعظم سے ہائی جیکر بنادیا۔
نوازشریف کامزیدکہناتھاکہ 2013 میں حکومت بنانے کے بعد سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی کو ملنے بنی گالہ گیا،بانی پی ٹی آئی سے کہا تھا35پنکچر والی بات جھوٹ ہے،آئیں ملک کیلئے ملکر ساتھ چلیں،اس وقت بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم مل کر چلنے کے لئے تیار ہیں،اس کے بعد پتہ نہیں کیا ہوا،سب لندن پہنچ گئے اور دھرنوں کا جال بنا یاگیا،بانی پی ٹی آئی،طاہر القادری اورچودھری پرویز الہٰی لندن میں اکٹھے ہوئے، ان سب نے لندن میں بیٹھ کر دھرنوں کا جال بنا،پتہ نہیں ان کو یہ سب کرنے کاکہاں سےاشارہ ملا، اگر ان کو کوئی مسئلہ تھا تو یہ میرے پاس آتے اور بتاتے کہ ان کو کیا مسئلہ ہے،انہوں نے ڈی چوک میں دھرنا دیدیا،4ماہ تک دھرنے چلے،چین کے صدر کے دورہ کے وقت ان لوگوں نے دھرنے دیئے ہوئے تھے،چین کے صدر نے اس وقت کہا تھا کہ سی پیک آپ کیلئے چین کی جانب سے تحفہ ہے۔