ایک نیوز :سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 60 امریکی ارکان پارلیمنٹ نے امریکی وزیر خارجہ کو خط لکھااور کہا کہ عمران خان کو تحفظ فراہم کیا جائے، واضح ہوگیا کہ پی ٹی آئی کس ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق پریس کانفرنس کرتےہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان میں لانچ کیا گیا، پوری قوم نے دیکھا بلوائیوں نے کس طرح املاک پر حملے کیے، 9اور10مئی کو جو کچھ ہوا اسے بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں، ملکی معاملات میں غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں، عدلیہ کی جانب سے عمران خان کو کیوں تحفظ دیاجارہا ہے، جو مقدمات معلوم نہیں ان میں بھی ضمانت دے دی گئی ، مجرم اور جرم کو عدالت سے تحفظ کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ عمران خان کو رعایت دینے کیلئے آئین و قانون کا مذاق بنایا جارہا ہے، ریاست کے تحفظ کے لیے ہر پیر وجوان نکلے گا، آج امریکا میں عمران کے یہودی لابسٹ اس کیلئے لابنگ کررہے ہیں، بلوائیوں نے کورکمانڈر ہاؤس ،قلعہ بالا حصار اور مسجد کو جلایا، دہشت گردوں کی عدالتوں سے کیوں سہولت کاری ہورہی ہے، لاڈلے کے لیے عدالتیں آئین اور قانون سے بھی کھلواڑ کررہی ہیں، کیا آج تک ریمانڈ کے دوران کسی مجرم کو ضمانت ملی؟
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حب الوطنی کے جذبے سے صورتحال کا مقالہ کریں گے، عوام کے صبرو تحمل کا امتحان نہ لیاجائے، عمران کی محبت میں پگھلنے والے ملک کے مستقبل کا بھی سوچیں ، قوم چند بلوائیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، بلوائیوں کیخلاف آرمی ایکٹ اور عوامی عدالت کے ذریعے کارروائی ہوگی۔
امریکی ارکان پارلیمنٹ کے خط نے واضح کردیا عمران کس ایجنڈے پر ہیں، مولانا فضل الرحمان
May 18, 2023 | 22:18 PM