ایک نیوز :صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنی چاہئے ،ان واقعات کی آزاد انکوائری ہونی چاہئے ۔
تفصیلات کےمطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہے تو قانون کے دائرے میں رہ کرکریں ، 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنی چاہئےلیکن کارروائی میں انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہئے ، مارپیٹ نہیں ہونی چاہئے ۔آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات سے متعلق سیاستدانوں کو غور کرنا ہوگا ۔جس طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے اسے ختم ہونا چاہئے ۔جس ہاتھ میں ڈنڈا ہے اسے بھی قانون نظر آنا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نو مئی کے واقعات کی مذمت کرنی چاہئے ،فوج میری ہے ، عوام میرے ہیں میں تو ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقرری کی مخالفت نہیں کی تھی، عمران خان نے کہا تھا کہ جنرل باجوہ کو کہہ دیں جس کو ادارہ آرمی چیف بنائے قبول کریں گے۔سیاستدان کہہ رہے ہیں ایمرجنسی کوئی آپشن نہیں یہ اچھی بات ہے ۔