نگران حکومت نے امن وامان کیلئے جراتمندانہ فیصلے کئے ،چیف الیکشن کمشنر

نگران حکومت نے امن وامان کیلئے جراتمندانہ فیصلے کئے ،چیف الیکشن کمشنر
کیپشن: نگران حکومت نے امن وامان کیلئے جراتمندانہ فیصلے کئے ،چیف الیکشن کمشنر

ایک نیوز :چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کے تحفظ کیلئے جرأتمندانہ اقدامات کئے ہیں۔پنجاب حکومت کی ٹیم سے مطمئن ہوں کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کر رہی ہے۔
تفصیلات کےمطابق چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ الیکشن کمیشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور پرامن عام انتخابات کرانا ہے۔ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اور نہ کوئی سیاسی مقصد ہے۔ہمیشہ میرٹ پر فیصلے کئے ہیں، نگران حکومت بھی غیر جانبدار ہے اور فری اینڈ فیئر الیکشن اس کا مینڈیٹ ہے۔عام انتخابات کے لئے سکیورٹی اقدامات کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے ہرممکن سپورٹ کرے گا۔آپ کو کسی بھی دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ، موجودہ حالات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات پر از سر نو نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا گیا،چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو 9 مئی کو پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے 9 مئی کو جناح ہاؤس اور دیگر عسکری تنصیبات پر حملوں کی تفصیلات سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آگاہ کیا ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے دہشت گردوں کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 3 روز میں 256 تشدد کے واقعات ہوئے۔فوجی تنصیبات اور مقامات کو خصوصی طو رپر نشانہ بنایا گیا۔پولیس سمیت دیگر اداروں کی 108 گاڑیوں اور 23 عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ پرتشدد واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 127 پولیس افسران و جوان اور 15 شہری زخمی ہوئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال حسین،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔