سربراہ پاک فضائیہ کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات 

سربراہ پاک فضائیہ کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات 
کیپشن: سربراہ پاک فضائیہ کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات 

ایک نیوز : سربراہ پاک فضائیہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ جناب حماد عبید الزابی نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ کا پی اے ایف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن کا ذکرکیا گیا ۔ سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے اتحادی ممالک سے سمارٹ ٹیکنالوجیز کے حصول، انفراسٹرکچر کی توسیع اور آپریشنل و تربیتی شعبوں کی ازسرنو تشکیل کے مختلف منصوبوں کا بھی ذکرکیا گیا ۔
ایئر چیف نے بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ ایئر چیف کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون، اسٹریٹیجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
  ایئر چیف مارشل بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
  حماد عبید الزابی کی جانب سے دوطرفہ عسکری تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ معزز سفیر کی جانب سے تربیتی شعبے، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہارکیا گیا۔