ایک نیوز: پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کودی جانے والی مہلت ختم ہوگئی جس کے پیش نظرسیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔پولیس نے زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیئے، اور پولیس لائن کے باہر سینکڑوں کنٹینرز پہنچا دئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک لاہور میں کسی بھی وقت پولیس کے بڑے آپریشن کا امکان ہے، کیوں کہ پولیس نے زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیئے ہیں اور پولیس لائن کے باہر سینکڑوں کنٹینرز پہنچا دئیے گئے ہیں۔
حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے، اور نگراں حکومت پنجاب نے وزیراطلاعات نے گزشتہ روز زمان پارک میں مبینہ 40 شرپسندوں کی موجودگی کا الزام عائد کرتے ہوئے عمران خان سے ملزمان کی حوالگی کی ڈیڈ لائن دی تھی، جو اب ختم ہو چکی ہے۔
سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ زمان پارک میں میڈیا اور عمران خان کی سیکیورٹی کے علاوہ کوئی اور موجود نہیں ہے، کوئی شر پسند عناصر یہاں نہیں ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرم پورہ پل پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ چکی ہے، جب کہ مال روڈ، کینال روڈ، انڈر پاس، دھرم پورہ روڈ اور ٹھنڈی سڑک بند کردی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے گزشتہ روز زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پولیس کوشرپسندوں کے خلاف فری ہینڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عامرمیر نےکہا عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے، وہ اشتعال دلانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دوپہر2 بجے تک زمان پارک میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔