پی این ای: 77 سالہ امریکی خاتون جو پچھلے 40 سے زائد سال سے تنہا زندگی گزار رہی تھیں اب انہوں نے خود سے ہی شادی کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست اوہایو سے تعلق رکھنے والی ڈوٹی فائڈیلی نامی خاتون نے خود سے شادی کی جس کی تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔ڈوٹی نے اس حوالے سے بتایا کہ وہ اس پر مسرت دن پر بے حد خوش اور مطمئن ہیں انہوں نے بتایا کہ اب وہ سارا وقت صرف خود کو دیں گی۔
ڈوٹی فائڈیلی کی پہلی شادی 1965 میں ہوئی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے لیکن اس شادی کے 9سال بعد خاتون کو طلاق ہوگئی تھی جس کے بعد سے وہ تنہا زندگی بسر کررہی تھیں۔ڈوٹی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ میں 40 سال سے خود کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں اسی لیے میں نے اب فیصلہ کیا کہ مجھے خود سے ہی شادی کرلینی چاہیے۔
خاتون کی شادی میں ان کے دوست سمیت ان کی بیٹی نے بھی شرکت کی جو شادی والے روز اپنی ماں کے لیے عروسی لباس ، پھول لائی اور تقریب کے لیے کھانے بھی تیار کیے۔ ڈوٹی کے لیے سفید رنگ کا دو منزلہ روایتی کیک بھی تیار کیا گیا۔