ایک نیوز: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر نشر کرنے کا حکم دینے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے کا حکم دینے کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس شمس محمود نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
واضح رہے کہ پیمرا نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیرِ اعظم عمران خان کی تقاریر، گفتگو اور بیانات نشر کرنے پرمکمل پابندی عائد کر دی ہے۔پیمرا کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھاکہ یہ پابندی پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت عائد کی گئی ہے۔اس پابندی کے تحت پاکستان میں ٹی وی چینلز عمران خان کا بیان، گفتگو یا خطاب براہِ راست یا ریکارڈ نشر نہیں کر سکیں گے۔پیمرا نے ملک کے تمام سیٹلائٹ چینلز کو احکامات پر عمل در آمد کی ہدایت جاری کر دی تھی۔سابق وزیرِ اعظم کے حوالے سے پیمرا کا دعویٰ ہے کہ عمران خان اداروں پر حملے کر رہے ہیں اس لیے پابندی لگائی گئی تھی۔