بلوچستان: محکمہ تعلیم کے حکام کیجانب سے مفت درسی کتب ردی میں بیچنے کا انکشاف

May 18, 2023 | 09:16 AM

ایک نیوز: بلوچستان کے ضلع چاغی میں محکمہ تعلیم کے حکام نے دی جانے والی مفت درسی کتب طالب علموں کو دینے کے بجائے ردی والے کو بیچ ڈالیں۔

چاغی لیویز نے کوئٹہ آنے والے ٹرک پر چھاپہ مار کر 19بوری درسی کتب برآمد کرلیں جبکہ ڈرائیور سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ نے جیو نیوز کو بتایا کہ دالبندین میں لیویز نے ایک ٹرک پر چھاپہ مار ا تو اس میں اسکریپ کے نیچے چھپائی گئیں 19 بوری درسی کتب برآمد ہوئیں، یہ درسی کتب دالبندین سے کوئٹہ لے جائی جارہی تھیں۔

ڈپٹی کمشنر چاغی نے بتایا کہ برآمد کی گئی کتب محکمہ تعلیم کی ہیں جو رواں سال طالب علموں کو مفت دینے کیلئے فراہم کی گئیں تھیں۔

حسین جان بلوچ نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ایک روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق حراست میں لیے گئے شخص نے بتایا کہ اس نے ردی کے گودام سے 600کلو درسی کتب 20 روپے کلو کے حساب سے خریدی ہیں۔  

مزیدخبریں