ایک نیوز: نیب راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج پیشی کیلئے طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا ہے، نیب نے این سی اے 190 ملین پاؤنڈ منتقلی کیس میں انھیں طلب کیا ہے۔
نیب ٹیم طلبی کے لیے نوٹس زمان پارک لاہور پر وصول کرا چکی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کیس سے متعلق تمام دستاویزات اپنے ساتھ لائیں، عمران خان کے خلاف انکوائری تفتیش میں بدل دی گئی ہے۔
نیب نوٹس کے مطابق رقم منتقلی کا معاملہ گٹھ جوڑ کر کے کابینہ سے خفیہ رکھا گیا تھا، اور یہ معاملہ خفیہ قرار دے کر بند لفافے کی کابینہ سے منظوری لی گئی تھی۔
ذرائع کا کہناہے کہ ٹیم نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے، وکلا کے ذریعے 20 نکات پر مشتمل جواب اور دستاویزات فراہم کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نیب نے کل زمان پارک میں 3 صفحات پر مبنی نوٹس موصول کرایا تھا، عمران خان کو آج 10 بجے نیب راولپنڈی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی ۔
نیب نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہزاد اکبر نے ذاتی فوائد کے لیے برطانوی پاؤنڈ غیر قانونی منتقل کیے۔