آرٹیفیشل انٹیلی جنس سےانسانیت کیلئے خطرات بڑھنے لگے،سروے

May 18, 2023 | 06:20 AM

ایک نیوز:ایک نئے سروے سے پتا چلا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سےانسانیت کیلئے خطرات برھنے لگے۔
تفصیلات کےمطابق رائٹرز کی جانب سے کیے گئے ایک سروے میں بتایا گیا کہ61 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسانیت کے مستقبل کیلئے خطرہ ہے۔ سروے میں 22 فیصد عوام اے آئی کے خطرے سے متفق نہیں پائے گئے جبکہ 17 فیصد نے غیریقینی کا اظہار کیا۔
جن لوگوں نے 2020 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیا تھا، وہ اے آئی کے خطرے کے بارے میں زیادہ فکر مند نظر آئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے تقریباً 70 فیصد ووٹرز اس بات پر متفق تھے کہ مصنوعی ذہانت انسانیت کیلئے خطرہ ہے۔ موجودہ صدر جوبائیڈن کے 60 فیصد ووٹرز نے اس بات سے اتفاق کیا۔
اسی طرح عیسائی فرقوں کے حوالے سے بات کی جائے تو ایوینجلیکل (Evangelical) دیگر فرقوں  کے مقابلے میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے زیادہ خدشات میں مبتلا نظر آئے۔ 32 فیصد ایوینجلیکل عیسائیوں نے مصنوعی ذہانت کو انسانیت کیلئے خطرہ قرار دیا جبکہ دیگر فرقوں کے 24 فیصد نے اس سے اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی پروگراموں نے قانون سازوں اور ماہرین کے درمیان ابھرتی ٹیکنالوجی کے ممکنہ منفی اثرات کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک اور ٹیکنالوجی ماہرین کے ایک گروپ نے اس سال کے شروع میں جدید ترین اے آئی ڈیویلپمنٹ میں 6 ماہ کے وقفے کا مطالبہ کیا، انہوں نے متنبہ کیا کہ ٹیکنالوجی معاشرے کیلئےخطرات پیدا کر سکتی ہے۔

مزیدخبریں