ایک نیوز :سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی میں دن کے اوقات میں بھی روزانہ تین گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرنے کا اعلان کردیا۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 11 گھنٹے تک پہنچ گیا۔
گزشتہ روز کراچی کے رہائشی علاقوں میں گیس غائب ہوگئی اور لگ بھگ نصف شہر کے صارفین کو دن بھر گیس دستیاب نہیں رہی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 200ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہے لہٰذا شہر میں روزانہ دوپہر2 بجے سے 5 بجے تک گیس بندکی جائے گی۔
اس سے قبل کراچی میں رات 11بجے سے صبح 7 بجے تک گیس پہلے ہی بند کی جا رہی ہے۔ اس طرح کراچی کے شہری مجموعی طور 11 گھنٹے تک سوئی گیس سے محروم رہیں گے۔
Advertisement
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کے نظام میں گیس کی فراہمی بہتر ہوتے ہی دوپہر کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی۔
گیس کی بندش کی وجہ سے گھریلو خواتین، ہوٹل مالکان، پکوان ہاؤس، دودھ فروشوں، مٹھائی اور کنفیکشنری بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیفینس،گزری،لانڈھی، سعود آباد، اولڈ سٹی ایریا، صدر، پی ای سی ایچ ایس،اورنگی،گلشن معمار،کورنگی، نارتھ کراچی، ملیر، ماڈل کالونی، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، ناظم آباد، لیاقت آباد، گڈاپ، کاٹھور سمیت مختلف علاقے گیس کی بندش سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔