ایک نیوز :پنجاب حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کو ٹیوب ویلز کیلئے سولر پنیلز فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت گندم ،پرائس کنٹرول اور ٹرانسپورٹ سے متعلق تین اہم اجلاس ہوئے جن میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف بھی شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا قیمتوں کے کنٹرول کیلئے باقاعدہ ایک محکمہ ہونا چاہیے ، پرائس کنٹرول اور ویسٹ مینجمنٹ کیلئے تمام اضلاع میں نئے نظام کی ضرورت ہے۔نوازشریف نے عوام کیلئے بس کا کرایہ کم سے کم رکھنے، طلبا کیلئے بائیکس کی تعداد بڑھانے اور کسان دوست اقدامات کی ہدایت کی اور کہا عارضی اقدامات کافی نہیں بلکہ ٹھوس پالیسی لائی جائے۔
نوازشریف کا کہنا تھا آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس اور کتنی مہنگی ہوگی،عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے۔اجلاس کے دوران لاہور میں انڈر گراونڈ ٹرین کیلئے جامع پلان بھی طلب کیا گیا جبکہ صوبے کے مزید تین شہروں میں میٹرو بس چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسانوں کوٹیوب ویل کیلئے سولر پینل فراہم کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں اجلاس میں سوک ایڈمینسٹریشن سنٹرز کو پرائس کنٹرول پولیس کے اختیارات دینے کی تجویز بھی سامنے آئی۔