ایک نیوز: اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی تاریخ کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لینے والے حساس پرائس انڈیکس کا کہناہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث تاریخ کی بُلند ترین سطح 45.64 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.96 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ ٹماٹر، آلو، خوردنی تیل اور پھلوں کی قیمتیں بڑھنا ہے۔حساس قیمت انڈیکس میں مزید اضافے کے خدشات بھی ہیں جس کی وجہ روپے کی قدر میں کمی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے اور توانائی کی بلند قیمتوں کا مکمل اثر ابھی تک سرکاری اعداد و شمار میں ظاہر نہیں ہوا ہے۔
اس سے پہلے سال بہ سال ایس پی آئی یکم ستمبر 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 45.5 فیصد تک بڑھ گیا تھا جو گزشتہ سال اگست کے بعد پہلی بار 40 فیصد سے اوپر رہا جب مہنگائی42.31 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔