زمان پارک آپریشن کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

Mar 18, 2023 | 13:41 PM

ایک نیوز: زمان پارک پر پولیس آپریشن کیخلاف پی ٹی آئی کی جوابی حکمت عملی سامنے آگئی۔ پی ٹی آئی نے آپریشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں پولیس کے آپریشن کیخلاف پی ٹی آئی نے درخواست تیار کرلی ہے۔ جسے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس افسران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست تیار کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باجود زمان پارک میں آپریشن غیر قانونی ہے۔

یاد رہے کہ عدالت نے گزشتہ روز پولیس کو  سابق وزیراعظم عمران خان سے 14 اور 15 مارچ کو ہونے والے واقعات سے متعلق تفتیش کرنے اور زمان پارک تک رسائی کی اجازت دیدی گئی تھی۔زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی۔

فاضل جج نے پولیس کی عمران خان سے تفتیش کرنے کی اجازت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق اپنی تفتیش کر سکتی ہے۔

اس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ یہ پولیس والے پوری فوج لے کر ساتھ نہ جائیں، دو سے تین لوگ جائیں اور اپنی انوسٹی گیشن کر لیں، جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ کیا میں انوسٹی گیشن کنٹرول کر سکتا ہوں؟۔

اس پر وکیل عمران خان نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے، ہم کہہ رہے ہیں کہ پولیس قانون کے مطابق اپنے نامزد کردہ افسر ہی انوسٹی گیشن کیلئے بھیجے، پولیس اپنے نامزد کردہ بندے بھیج دے ہم تعاون کریں گے۔

بعدازاں عدالت نے پولیس کو قانون کے مطابق تفتیش کیلئے رسائی کی اجازت دے دی۔

مزیدخبریں