زمان پارک آپریشن، پولیس نےعمران خان کے گھر کا دروازہ توڑ دیا، مشکوک افراد گرفتار

Mar 18, 2023 | 13:19 PM

ایک نیوز: زمان پارک آپریشن میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ پولیس نے کرین کی مدد سے عمران خان کے گھر کا دروازہ اکھاڑ دیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 10 ہزار پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ اب تک پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے جبکہ پولیس نے 2 انتہائی مشکوک افراد کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ جس کے جواب میں پولیس نے کارکنوں پر شیلنگ کی۔ پولیس نے درجنوں کارکنوں کے ساتھ 2  انتہائی مشکوک افراد کو بھی حراست میں لینے کا دعوی کیا ہے۔ 

یاد رہے کہ نگران صوبائی وزیر عامر میر اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دو روز قبل زمان پارک میں عسکریت پسندوں کی موجودگی تصدیق کی تھی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سہیل سکھیرا نے کہا ہے کہ تمام افراد کو تفتیش کر کے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ زمان پارک میں موجود پی ٹی آئی کارکنوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق زمان پارک میں موجود کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس نے شیلنگ کی۔ پولیس کی جانب سے کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔ اینٹی رائٹ فورس کی دستیاب تمام نفری کو زمان پارک لگا دیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس کی بکتر بند گاڑی بھی زمان پارک پہنچ گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ اس وقت عمران خان کی اہلیہ زمان پارک میں موجود ہیں۔ 

دوسری جانب پولیس نے زمان پارک میں عمران خان کے ہمسایہ گھروں پر بھی دھاوا بول دیا ہے۔ پولیس زمان پارک میں اعتزاز احسن سمیت دیگر کے گھروں میں گھس گئی۔ طارق زمان اور ڈاکٹر اظہر کے گھر بھی پولیس پہنچ گئی۔ پولیس کی جانب سے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرنے پر اہل علاقہ نے احتجاج کیا ہے۔ 

ترجمان اعتزاز احسن کے مطابق اعتزاز احسن زمان پارک پہنچ رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پولیس ان کے گھر میں کیسے داخل ہوئی۔ 

دریں اثناء  پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ پولیس نے زمان پارک میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں مطلوب کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس نے زمان پارک کو چاروں اطراف سے گھیر کر سیل کردیا ہے۔  

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سہیل سکھیرا کا کہنا ہے کہ پولیس پر تشدد کرنے والے 2500 نامعلوم افراد میں سے 789 کی شناخت کر لی گئی۔ باقی افراد کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے درجنوں  کارکن اس وقت ڈنڈے لے کر زمان پارک  موجود ہیں۔ ان میں سے کئی کی شناخت ہوچکی ہے۔ تفتیش کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے پولیس سرچ کر رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی ہیں۔ جس کی مدد سے زمان پارک کے باہر کارکنوں کے کیمپ اکھاڑ دیے گئے ہیں۔ 

اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درج مقدمات کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ درج مقدمات میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور کارکنوں کو دوبارہ زمان پارک جانے سے روکنے کیلئے مبینہ طور پر کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی زمان پارک پہنچ چکی ہے۔

مزیدخبریں