پی ایس ایل کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

Mar 18, 2023 | 12:58 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان سپرلیگ 8 کا تاج کس کے سرسجے گا؟ لاہور قلندرز یا پھر ملتان سلطانز فیصلہ آج ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل مسلسل دوسرے سال لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں دوسری بار دوسرے ٹائٹل کے لئے میدان میں اتریں گی۔

لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے پُرعزم ہیں جبکہ ملتان سلطانز کی نگاہیں بھی ٹائٹل پر جمی ہوئی ہیں۔فاتح ٹیم دوسری بار چیمپئن بنے گی لیکن لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن سکتی ہے۔

دونوں ٹیمیں تیسری بار پا کستان سپر لیگ کا فائنل کھیل رہی ہیں، پہلی بار لاہور قلندرز نے 2020 میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلا جس میں اسے کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد قلندرز 2022 فائنل میں پہنچے جہاں ان کا سامنا ملتان سلطانز سے ہوا اس بار قسمت نے قلندرز کا ساتھ دیا اور پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کی۔ملتان سلطان مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کا کھیل رہی ہے ملتان نے پہلا فائنل 2021 میں کھیلا جس میں اسے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس کے بعد 2022 کے فائنل میں ملتان کو لاہور کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

آج ایک بار پھر لاہور اور ملتان کی ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لائن باؤلرز کے ایک بار پھر چھکے چھڑانے کے لیے بے تاب ہے جبکہ باؤلرز حریف بلے بازوں کی وکٹیں اڑانے کے لئے تیار ہیں۔

 لاہور قلندرز نے ہدف کا دفاع نہ کرنے کا تاثر گزشتہ روز زائل کر دیا، باؤلنگ کمبی نیشن سے بھی بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔چیمپئن بننے والی ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ 12 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ملیں گے۔

ایکشن سے قبل مختصر اختتامی تقریب ہوگی جس میں میوزک کا تڑکا بھی لگے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی فائنل میں یہی دونوں ٹیمیں ایکشن میں تھیں اور اب ری پلے ہوگا۔ لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں