پارک سے لاکھوں ڈالر مالیتی کا ہیرا مل گیا

Mar 18, 2023 | 12:36 PM

 ایک نیوز : امریکا کی ریاست آرکنساس کے ایک سرکاری پارک 'کریٹر آف ڈائمنڈز' میں ایک سیاح نے سیر کے دوران 3.29 قیراط کا ایک قیمتی بھورے رنگ کا ہیرا ڈھونڈ نکالا ہے۔

پارک کی انتظامیہ نےایک پریس ریلیز میں بتایا کہ یہ اس پارک میں رواں برس ملنے والا سب سے بڑا ہیرا ہے۔ یاد رہے کہ ایک قیراط ہیرے کا وزن 200 ملی گرام کے برابر ہوتا ہے۔

ڈیوڈ اینڈریسن نامی شخص نے یہ ہیرا چار مارچ کو پارک کے 37 ایکڑ رقبے پر مشتمل علاقے سے ڈھونڈا تھا جہاں سیاح عموماً ہیروں کی تلاش کے لیے دور دور سے آتے ہیں۔'کریٹر آف ڈائمنڈ' دنیا کا وہ واحد سرکاری پارک ہے جہاں سے عوام کو ہیرا ڈھونڈنے پر اسے رکھنے کی اجازت ہے۔

یہ پارک 1972 میں تعمیر کیا گیا تھااور اس کا کل رقبہ 900 ایکڑ سے زائد ہے۔ یہ پارک ایک تباہ شدہ آتش فشاں کے دہانے پر واقع ہے جہاں قدرتی طور پر ہیرے اور دیگر قیمتی پتھر ملتے رہتے ہیں۔

اس آتش فشانی دہانے کو سرکاری پارک کی حیثیت دینے کے بعد سے اب تک یہاں سے 35 ہزار ہیرے ڈھونڈے جا چکے ہیں۔

پارک کی ویب سائٹ کے مطابق ہیروں کے شوقین افراد کو اپنے ساتھ کان کنی کا سامان لانے یا پارک سے کرائے پر لینے کی اجازت ہے اگرچہ یہاں بیٹری یا موٹر سے چلنے والا سامان لانا ممنوع ہے۔

مزیدخبریں