ایک نیوز: عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس آمد سے قبل اسلام آباد پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی عدالت پیشی کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔ جس کے تحت جوڈیشل کمپلیکس کے اندر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع کیا گیا ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی پیشی کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور جڑواں شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد شہر اقتدار کی سڑکوں پر سناٹا چھایا ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے کشمیر ہائی وے پر آئے کارکنان کے کارڈ چیک کیے جبکہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پہنچنے والے کارکناں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ذرائع نے مزید کارکناں کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی پیشی کے حوالے سےایس او پیز جاری کردیےگئے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اس کی پابندی کرنا ہوگی، عدالت، احاطہ یا قریب کوئی مسلح شخص موجود نہیں ہوگا، عدالت میں ساتھ جانے والے افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کروائی جائےگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ لاٹھیاں یا دیگر نقصان پہنچنے والی کوئی چیز عدالتی احاطے میں لانے پرپابندی ہے، ریاست کے خلاف اور اشتعال انگیز نعرے یا مجمعے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان تمام ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے پابند ہیں۔