عمران خان کے قافلے کو روکنا نہیں سہولت دینا چاہتے ہیں،آئی جی اسلام آباد

عمران خان کے قافلے کو روکنا نہیں سہولت دینا چاہتے ہیں،آئی جی اسلام آباد
کیپشن: They do not want to stop Imran Khan's convoy, but want to facilitate it, IG Islamabad(file photo)

ایک نیوز: آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں بہترین سکیورٹی فراہم کی، ہمارا مقصد عمران خان کے قافلے کو روکنا نہیں، سہولت فراہم کرنا ہے، صرف محدود طور پر ہی راستوں کو بند کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی وکلا سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کا کہنا تھا کہ فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے ہیں، ہمارا مقصد عمران خان کو روکنا نہیں، تحفظ فراہم کرنا ہے، اس کام کو جتنا مشکل بنائیں گے سب کیلئے زحمت ہوگی۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ ” عمران خان کی گرفتاری کا امکان ہے “ جس پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ میں امکانات پر بات نہیں کر سکتا۔ عمران خان کی گرفتاری کے لئے عدالت کا جو حکم ہوگا، وہ ہی کریں گے۔

آئی جی اکبر ناصر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی کا خاص خیال رکھیں، ہائیکورٹ میں پولیس نے بہترین سکیورٹی دی ہے، ایسی صورتحال میں دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، کوشش ہے کہ دوران سکیورٹی شہری متاثر نہ ہوں۔

اکبر ناصر خان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی طرف سے سکیورٹی کی اچھی کوشش کی، اسلام آباد میں دہشت گردی کا واقعہ کچھ ماہ پہلے ہوچکا ہے، پشاور اور کراچی میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوچکے ہیں، ہم نے شہر میں دفعہ 144 لگائی ہے۔