ایک نیوز :بھارتی ریاست اوڈیشہ میں ڈرائیورز کی ہڑتال کے دوران دولہااہل خانہ سمیت پیدل دلہن کی رخصتی کیلئے پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ اوڈیشہ کے ضلع رائگڑا میں پیش آیا جہاں دولہے اور اس کے گھر والوں کو دلہن لینے کیلئے 28 کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑا۔
ڈرائیوروں کی ہڑتال کے باعث دولہا اور اس کے اہل خانہ شادی کیلئے گاڑی کا انتظام نہیں کر سکے تھے۔ وہ سناکھنڈی گاؤں سے جمعرات کی رات کو چلے اور صبح دیبالاپاڑو گاؤں پہنچے جہاں شادی کی تقریب ہوئی۔
شادی میں شامل دولہے کے رشتے دارکاکہناتھاکہ ڈرائیوروں کی ہڑتال کی وجہ سے کوئی ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں تھی۔ ہم رات بھر پیدل چل کر گاؤں پہنچے۔ ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا۔
شادی جمعہ کی صبح ہوئی تاہم دولہا اور اہل خانہ کو ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے باعث دلہن کے گھر ہی ٹھہرنا پڑا۔
واضح رہے کہ سماجی بہبود کے اقدامات جیسے انشورنس، پنشن، ویلفیئر بورڈ کی تشکیل اور حکومت سے کیے گئے دیگر مطالبات کے نتیجے میں ڈرائیوروں نے بدھ سے ریاست بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دی ہے۔